ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن کی ہفت روزہ مہم معلم معمارِ جہاں تو ہے کا ہوا خوبصورت افتتاح

آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن کی ہفت روزہ مہم معلم معمارِ جہاں تو ہے کا ہوا خوبصورت افتتاح

Mon, 12 Jul 2021 01:30:56    S.O. News Service

بنگلور: 11/جولائی (پریس ریلیز) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (AITA)  کی جانب سے ریاست کرناٹک میں حلقہ کی سطح پر ایک ہفت روزہ مہم “معلم معمارِ جہاں تو ہے"  کا افتتاحی اجلاس (آن لائن) منعقد ہوا۔ جس  میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک بسواراج ہورٹی چیئرمین کرناٹک لیجسلیٹو کونسل و سابق وزیر تعلیمات ریاست کرناٹک نے کہا کہ تعلیم ملک و قوم کے لئے نہایت ضروری اور ملک ومعاشرے کی تعمیر وترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل بنانے میں معلم کا بڑا اہم رول اور کردار ہوتا ہے، جس کو ہم کبھی نظر انداز نہیں کرسکتے۔ اس کے ساتھ ساتھ معلمین کو طلبہ کی تربیت پر بھی خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے  ہوئے ڈاکٹر بلگامی محمد سعد امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے کہا کہ موجودہ وقت اور حالات میں تعلیم کو اپنی اصل مقاصد سے جوڑنے کی اشد ضرورت ہے۔ معلم ہونا ایک بہت بڑی سعادت ہے، دیگرشعبوں کی بہ نسبت یہ پیشہ معلمی نہایت منفرد اور ممتاز مقام رکھتا ہے۔ تعلیم دراصل انبیاء کا پیشہ ہے۔ اس لیے معلم کو ہمیشہ متفکر اور متحرک ہونا چاہیے تاکہ طلباء کے بہترین اخلاق وعادات اور انسانیت سازی افراد سازی اور شخصیت سازی کی تعمیر بہترین پیرائے میں ہوسکے۔ معلمین کو طلبہ میں صرف تعلیم کو ٹرانسفار نہیں بلکہ ان کی شخصیت کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ پروگرام میں مختار احمد کتوال کل ہند نائب صدر آئیٹا نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے۔

اجلاس کا آغاز نصیرالدین بھوسگے، بسواکلیان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا،  محمد عارف الدین ضلعی صدر آئیٹا، بیدر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اجلاس میں محترمہ بلقیس فاطمہ، بیدر ریاستی کنوینر آئیٹا ویمنس ونگ نے علامہ اقبال کی طلوع اسلام نظم کو بہترین اور مترنم آواز میں پیش کیا۔  یاسین ریاستی سیکریٹری آئیٹا نے آئیٹا کے اغراض و مقاصد کو پیش کیا۔ ریاستی صدر آئیٹا کرناٹک محمد رضا مانوی نے خیر مقدم کیا۔ یاسین بھکبا ریاستی سیکریٹری کے تشکری کلمات کے ساتھ یہ افتتاحی اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ ریاست بھر کے سینکڑوں وابستگان کے علاوہ دیگر تعلیمی ادارہ جات کے ذمہ داران نے اس افتتاحی پروگرام میں آن لائن شرکت کی۔ یاد رہے کہ یہ مہم  10 جولائی سے 17 جولائی تک چلے گی۔


Share: